اہم خبریںتازہ ترینشوبز

انتقال کی افواہوں پر نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ کا دلچسپ ردعمل

اسلام آباد(اے ون نیوز)پی ٹی وی کے سنہری دور کی نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ الحمد اللہ خیریت سے ہیں اور روز مرہ کے امور کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔

عالمی شہرت یافتہ، پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی معروف سابق نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ کے انتقال کی جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئیں۔

ان افواہوں نے نہ صرف دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں بلکہ قریبی رشتہ داروں کو بھی تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔

خود عشرت فاطمہ بھی سوشل پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے والی ان افواہوں پر حیرت زدہ رہ گئیں اور ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کروانا پڑا۔

معروف میزبان توثیق حیدر کے ساتھ ویڈیو کال میں عشرت فاطمہ نے بتایا کہ میں ابھی ابھی ریڈیو پروگرام کر کے آئی ہوں، اور آج تو میرے پاس لحاف دھونے جیسے ڈھیروں گھریلو کام بھی پڑے ہیں۔

عشرت فاطمہ نے لوگوں سے درخواست کی کہ صرف صحت کے ساتھ لمبی زندگی نہیں بلکہ عزت اور وقار کے ساتھ بقا کی دعا بھی کریں۔

ان کے اس ہلکے پھلکے اور پُر اعتماد جواب نے مداحوں کے دل جیت لیے اور تمام افواہوں کا خاتمہ ہوگیا۔

خیال رہے کہ عشرت فاطمہ نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا جہاں انہوں نے پروگرام کھیل اور کھلاڑی کی میزبانی کی تھی۔

ان کی پختہ اردو، اعتماد بھری آواز، پُرسکون لہجہ اور با وقار انداز نے انھیں جلد ہی پی ٹی وی کے نو بجے کے خبرنامے کی مقبول ترین آواز بنا دیا تھا اور وہ ہر ایک گھر کی فیملی ممبر بن گئیں۔

عشرت فاطمہ نے ابتدائی طور پر موسم کا بلیٹن دینے کی تیاری کی تھی مگر اچانک خیال آیا کہ نیوز ریڈنگ بھی آزما کر دیکھی جائے اور وہیں سے ایک لازوال شہرت کا سفر شروع ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button