اہم خبریںتازہ تریندنیا

دبئی میں ڈلیوری رائیڈرز کیلئے نئی ٹریفک پابندیوں کا اعلان

دبئی(اے ون نیوز)دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) اور دبئی پولیس ہیڈکوارٹرز نے ڈلیوری بائیکس کے لیے تیز رفتار سڑکوں پر نئی ٹریفک پابندیاں عائد کرنےکا اعلان کیا ہے جو یکم نومبر 2025 سے نافذ ہوں گی۔

نئے ضوابط کے تحت پانچ یا اس سے زیادہ لین والی سڑکوں پر ڈلیوری رائیڈرز کو بائیں جانب کی دو لین استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ تین یا چار لین والی سڑکوں پر وہ سب سے بائیں لین استعمال نہیں کرسکیں گے، دو یا کم لین والی سڑکوں پر ان پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

آر ٹی اے کی ٹریفک اینڈ روڈز ایجنسی کے سی ای او حسین البنّا نے کہا ہےکہ یہ فیصلہ عوامی و نجی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت کے بعد کیا گیا ہے تاکہ ڈلیوری رائیڈرز کی سلامتی یقینی بنائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے سائن بورڈز پر واضح نشانات لگائے جائیں گے تاکہ بائیکس کے لیے مخصوص اور ممنوعہ لین کی نشاندہی کی جاسکے۔

دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر ان چیف برائے آپریشنز میجر جنرل سیف محیر المزروعی کے مطابق ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے رائیڈرز پر پہلی بار 500 درہم، دوسری بار 700 درہم جرمانہ اور تیسری خلاف ورزی پر پرمٹ معطل کر دیا جائےگا۔ اسی طرح 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار کی صورت میں پہلی بار 200، دوسری بار 300 اور تیسری بار 400 درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

دبئی پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں ڈلیوری بائیکس سے متعلق 854 حادثات رپورٹ ہوئے جب کہ 2025 میں ان کی تعداد بڑھ کر 962 ہو گئی۔ گزشتہ سال ڈلیوری رائیڈرز کے خلاف 70 ہزار سے زائد ٹریفک خلاف ورزیاں درج کی گئیں، جو رواں سال کے پہلے نو مہینوں میں بڑھ کر 78,386 ہو چکی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button