لاہور(اے ون نیوز)اہور میں پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپا مارا ہے اور 7 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
چوہدری پرویز الٰہی کے گھر کے باہر کی سڑک چوہدری ظہور الہٰی روڈ کو بھی پولیس نے بند کر دیا ہے جبکہ پولیس پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے پرویز الٰہی کے گھر میں داخل ہوکر 7 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔پرویز الٰہی گھر پر موجود نہیں ہیں.
پرویز الٰہی کے وکیل کا کہنا ہے کہ پولیس اہل کار پرویز الٰہی کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں، اس مقدمے میں پرویز الٰہی کی ضمانت ہو چکی ہے۔
دوسری جانب محکمہ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ اگر ضمانت ہو چکی ہے تو ہمیں عدالت کا آرڈر دکھایا جائے۔
پرویزالٰہی کے وکیل عامر سعید راں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس طارق سلیم شیخ نے 6 مئی تک ضمانت قبل از گرفتاری دی،ہائی کورٹ کا تصدیق شدہ آرڈر ہمیشہ اگلے دن ملتا ہے، ہم نے ان کی کورٹ کے اہلکار سے بات بھی کروا دی۔
اس سے پہلے پرویز الٰہی کے گھر سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا اورگھر سے پولیس اہلکاروں پر پانی بھی پھینکا گیا۔
اے ون ٹی وی کی نیوز ٹیم لمحہ بہ لمحہ خبر کو اپ ڈیٹ کر رہی ہے