جدہ(اے ون نیوز)کہتے ہیں کہ شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اور اگر یہ شوق تعلیم کے حصول کا ہو اور اس میں جستجو اور لگن بھی شامل ہو تو دنیا کی کوئی طاقت اس شوق کو پورا ہونے سے نہیں روک سکتی۔
مشہور کہاوت ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی، اس بات کو سچ ثابت کر دکھایا ہے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی خاتون نے جنہوں نے 110 سال کی عمر میں تعلیم حاصل کرنے کا فیصلہ کیا اور اب پڑھنے اور لکھنے کے قابل ہوگئیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے صوبہ عسیر کے علاقے بیشا کی رہائشی 110سالہ نودا القحطانی نے ‘سمر لٹریسی کورس’ مکمل کرکے پڑھنا اور لکھنا شروع کر دیا۔
مقامی تعلیمی حکام نے خاتون کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جس میں وہ پینسل پکڑ کر کتاب پر لکھ رہی ہیں اور ساتھ ہی تعلیم حاصل کرنے کی اپنی کوششوں کی تعریف کر رہی ہیں۔
110 سالہ نودا القحطانی کے بیٹے کا کہنا ہے کہ میری امی کو اس موسم گرما میں دینی تعلیم حاصل کرنے کے لیے ایک کورس میں رجسٹر کروایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ امی کو خوشی ہے کہ انہیں یہ موقع ملا، انہوں نے دینی معاملات کو جاننے کے لیے تعلیم حاصل کی۔
بیٹے نے کہا کہ کورس مکمل کرنے کے بعد امی اب قرآن پڑھ اور لکھ بھی سکتی ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق 110 سالہ خاتون کا کہنا ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی، میں بہت خوش ہوں کہ مجھے یہ موقع ملا۔