لاہور (اے ون نیوز) حکومت نے پنجاب میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف ایک مرتبہ پھر کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق کریک ڈاؤن کا فیصلہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کے بیان کے بعد کیا گیا ہے اور اس حوالے سےپولیس افسران کوتحریک انصاف کے کارکنوں کی نئی فہرستیں فراہم کردی گئی ہیں، پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی پارٹی پرچم کسی مقام پر نظر نہ آئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو 9 مئی کے واقعات میں حراست میں لیا جارہا ہے، اس سلسلے میں پولیس نے گزشتہ شب بھی 100 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے اور مطلوبہ شخص نہ ملنے پر قریبی عزیز و اقارب کو تھانے لے جایا گیا ہے۔ بیشتر زیر حراست افراد کو تصدیق کے بعد شخصی ضمانت پر رہائی ملی ہے۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے کارکنوں کو یوم آزادی بھرپور انداز میں منانے کا کہا گیا تھا۔ جس کے بعد پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔