اہم خبریںتازہ ترینشوبز

ساحر علی بگا اور راحت فتح علی خان کے جھگڑے کی اصل وجہ سامنے آگئی

پاکستانی موسیقار و گلوکار ساحر علی بگا کی جانب سے گلوکار و قوال راحت فتح علی خان پر تنقید کی اصل وجہ سامنے آگئی.

دونوں کے درمیان اصل جھگڑا ایک گانے کے کریڈٹ کا ہے. راحت فتح علی خان نے 2014 میں "بیک ٹو لو” نامی ایک البم ریلیز کیا تھا جس کا گانا ” ضروری تھا کہ ہم دونوں طواف آرزو کرتے” نے عالمگیر شہرت حاصل کی. یہ پہلا پاکستانی نان فلم گانا تھا جس کے یوٹیوب پر 100 ملین ویوز ہوئے. یہ وہ وقت تھا جب پاکستان میں یوٹیوب پابندی کا شکار تھی. بعد میں یہ گانا ایک کے بعد ایک سنگ میل عبور کرتا چلا گیااور ایک ارب ویوز کے ہندسے کو بھی کراس کرگیا. اس وقت یوٹیوب پر اس گانے کے ویوز ایک ارب 56 کروڑ سے زیادہ ہیں.

اس عالمگیر شہرت کے حامل گانے کی موسیقی ساحر علی بگا نے ترتیب دی تھی لیکن انہیں اس کا کریڈٹ نہیں دیا گیا. ہر کوئی اس گانے کو راحت کے نام سے ہی جانتا ہے، بہت کم لوگ ایسے ہوں گے جنہیں پتا ہوگا کہ اس شاہکار کو کمپوز کس نے کیا ہے. 

ساحر علی بگا کا کہنا ہے کہ راحت فتح علی خان پاکستان کے ایک بڑے فنکار ہیں، ٹیلنٹ میں ان کا کوئی جوڑ نہیں، لیکن انہوں نے آج تک کہیں بھی ساحر کو اس گانے کا کریڈٹ نہیں دیا جو کہ نا انصافی ہے. 

ساحر کے مطابق وہ بہت سا نوجوان ٹیلنٹ  سامنے لائے ہیں، بہت سے لوگ انہیں آئیڈیلائز کرتے ہیں. انہوں نے اپنے حق کیلئے صرف اس لیے آواز اٹھائی ہے تاکہ نئے آنے والوں کو بھی اپنے حقوق کا پتا لگ سکے اور انہیں مستقبل میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے. ساحر علی بگا نے مطالبہ کیا کہ انہیں گانے کا کریڈٹ دیا جائے. 

واضح رہے کہ کچھ روز پہلے ساحر  علی بگا نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا تھا "راحت فتح علی خان درندہ صفت ہی نہیں بلکہ منافق بھی ہیں، راحت فتح علی خان سے متعلق جو بول رہا ہوں یہ 20 سال کے تعلق کا نچوڑ ہے، معاملے کی تفصیلات بارے جلد عوام کو آگاہ کروں گا۔”

ان کے اس سخت بیان کے بعد گلوکار علی ظفر نے مداخلت کی اور ساحر علی بگا سے درخواست کی کہ وہ رمضان المبارک کا احترام کریں. علی ظفر کی مداخلت کے بعد ساحر علی بگا نے اپنی پہلی پوسٹ ڈیلیٹ کردی اور کہا کہ وہ رمضان المبارک کے دوران کسی کے بارے میں کوئی معلومات یا سچائی شیئر کرنے کے لیے معذرت خواہ ہیں اس لیے وہ اب پوسٹ ڈیلیٹ کررہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button