پشاور میں خون کی ہولی،جائیدادکے تنازعے پرایک ہی خاندان کے9افرادجاں بحق
پشاور (کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں خون کی ہولی، جائیداد تنازعے پر ایک ہی خاندان کے بچوں اور خواتین سمیت 9 افراد کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔
ایک بچہ اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے کرائم سین سے شوا ہد اکھٹے کر کے تحقیقا ت کا دا ئر ہ وسیع کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق منگل کے روز تھانہ بڈھ بیر کی حدود باغ بابامیں مسلح ملزمان نے مخالفین کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں اشفاق کی دو بیویاں مسماة (س)، مسماة (ع)،مسماة (ح) زوجہ ملک امان، مسماة لبابہ دختر اشفاق، مسماة (ج)، انفال، اقراءدختران اسحاق، افان ولد اسحاق جاں بحق جبکہ اوکاشہ ولد اسحاق اور مسماة (ص) زوجہ اسحاق زخمی ہوگئے۔ جنہیں تشویشنا ک حالت میں لیڈ ی ریڈ نگ ہسپتال منتقل کر دیئے گیے
پولیس کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی صدر ڈویژن محمد زمان خان، ڈی ایس پی بڈھ بیر نظیف الرحمان خان، ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر اور دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے خیبر میڈیکل کا لج پہنچا دیااورتفتیشی ٹیم نے کرائم سین سے خالی خول ودیگر شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ، انہوں نے کرائم سین کا باریک بینی کیساتھ جائزہ لیا
ڈی ایس پی بڈھ بیر سرکل نظیف الرحمان نے واقعہ سے متعلق ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کو بریفننگ دی۔ ایس ایس پی آپریشنز نے لواحقین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔