اسلام آباد (اے ون نیوز) سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے تحریک انصاف میں ہونے کی وجہ بتا دی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے پی ٹی آئی چھوڑی ہی نہیں تو اس میں واپس جانے کا کیا مطلب، میں اب بھی پی ٹی آئی کا حصہ ہوں۔
ایک انٹرویو میں فواد چوہدری کاکہنا تھا کہ دباو¿ برداشت کرنے کی بھی ہر شخص کی ایک حد ہوتی ہے، دباو بھی ہر جگہ مختلف ہوتے ہیں، کسی پر تشدد تو کسی کی فیملی پر دباو ہوتا ہے، کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ بانی پی ٹی آئی جیل برداشت نہیں کرسکیں گے، کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ پی ٹی آئی ٹوٹ جائے گی، جواب 8 فروری کو مل گیا۔
سابق وزیر کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی خود بھی ڈیل کرنے والے نہیں اور نہ ان کا ووٹر انہیں ڈیل کرنے دے گا، ذاتی کیسز کی وجہ سے ہی پاکستان کی سیاست خراب ہوئی ہے، ذاتی کیسز کا خاتمہ کریں تاکہ ملک کے حالات معمول کی طرف آئیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ مخصوص نشستیں حکومتی اتحاد کو نہیں جائیں گی کیونکہ اس بات پر ججز کا اتفاق ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو ملنی چاہئیں، اس پر ججز میں تقسیم ہے، ججز مان رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان لینے کے فیصلے کی غلط تشریح کی۔