جوہانسبرگ(اے ون نیوز)تین پاکستانی خواتین نے ثابت کر دیا کہ خواتین کسی بھی شعبے میں اپنا نام منوانا جانتی ہیں۔
اے ون ٹی وی کے مطابق پاکستان کی تین بہنوں نے پاور لفٹنگ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک ہی ایونٹ میں مختلف ویٹ کیٹگریز میں چار چار گولڈ میڈلز جیت لیے،جنوبی افریقا میں جاری ایونٹ میں ٹوئنکل سہیل 84 کے جی کلاس میں ایکشن میں تھیں مکمل فٹ نہ ہونے کے باوجود ٹوئنکل سہیل نے بھی اپنی کلاس میں کلین سوئپ کیا اور چاروں گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔
انہوں نے اسکواٹ ،بنچ پریس ،ڈیڈ لفٹ اور اوور آل ٹوٹل میں گولڈ میڈلز اپنے نام کیے،اس سے پہلے ان کی بہنوں ویرونیکا سہیل اور سیبل سہیل نے بھی اپنی اپنی ویٹ کیٹگری میں چار چار گولڈ میڈلز جیتے،یہ پہلا موقع ہےکہ پاور لفٹنگ کے کسی بین الاقوامی ایونٹ میں تین بہنوں نے ایک ساتھ گولڈ میڈلز جیتے۔ تینوں بہنیں اب 13 جولائی کو ایکوئپڈ ایونٹ میں ایکشن میں ہوں گی۔
صوبائی وزیر کھیل پنجاب فیصل کھوکھر نے سہیل سسٹرز کو مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ تین بہنوں نے تاریخ رقم کر کے ملک و قوم کا نام روشن کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب نے تینوں بہنوں کو ایونٹ کے لیے ائیر ٹکٹس کے لیے 20 لاکھ روپے اور یونیفارم فراہم کیے تھے۔