
کوالالمپور(ملک واجد سے)روزنامہ پاکستان کے ملائیشیا میں نمائندہ خصوصی فاروق ڈوگر حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے،ان کی عمر48 برس تھی.
ہفتے کی صبح 6 بجے دل میں تکلیف ہوئی ،ہسپتال لے جانے کےلئے ایمبولینس منگوائی گئی لیکن وہ ہسپتال بھی نہ پہنچ پائے اور گھر میں ہی اللہ کو پیارے ہو گئے،ملائیشیا میں قانونی کارروائی کے بعد میت پاکستان روانہ کر دی گئی.
مرحوم فاروق ڈوگر کی ملائیشیا میںنماز جنازہ بعداز نماز عشاءپاکستان مسجد چوکٹ کوالالمپور ملائشیا میں ادا کی گئی،جس میں سیکڑوں پاکستانیوں اور دوست احباب نے شرکت کی.
میت آج سہہ پہر3بجے لاہور پہنچے گے ،نماز جنازہ کے بعدملتان میں سپرد خاک کیا جائے گا،فاروق ڈوگر ملائیشیا میں ہوٹلنگ کے کاروبار سے وابستہ تھے ،چند روز قبل انہوں نے اپنے دوسرے ریسٹورنٹ پر کام شروع کیا تھا.
ان کے قریبی دوست صحافی ملک واجد نے فاروق ڈوگر کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ بہت ملنسار شخص ،کہنہ مشق صحافی اور مثبت صحافت کے علمبردار تھے.
چوہدری عثمان نثار مینجنگ ڈائریکٹر پنجتن گروپ، داتو سری بابر شہزاد، مینجنگ ڈائریکٹر راجپوت کنسٹرکشن رانا محمد اصغرچودھری، راسب تارڑ، رانا ریاست، منیر شاہ، لقمان تارڑ، سفیان ظفرنے بھی فاروق ڈوگر کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔