
ڈیرہ غازی خان (اے ون نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے راجن پور میں یونیورسٹی اور ڈی جی خان میں کینسر ہسپتال کے قیام کا اعلان کردیا۔
ڈیرہ غازی خان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان آکر دلی خوشی ہو رہی ہے، والہانہ اور پرتپاک استقبال پر ڈیرہ غازی خان کے عوام کا مشکور ہوں، ہم نے عوام کی ترقی کیلئے دن رات کام کیا، نواز شریف کا ویڑن صرف پاکستان کی ترقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پنجاب کی ترقی ہوئی، مریم نواز اب پنجاب کے عوام کی خدمت کررہی ہیں، مریم نواز پنجاب کے گھر گھر میں ادویات پہنچا رہی ہیں، مریم نواز ہر گھر کی دہلیز پر سہولیات پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں، 2010 کے سیلاب میں ہم نے جنوبی پنجاب میں دن رات کام کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کیلئے خادم اعلیٰ کی حیثیت سے کام کیا، عوام کو روزگار کی فراہمی کیلئے منصوبوں کے جال بچھائے، ساری عمر بھی آپ کی خدمت کرتا رہوں تو آپ کا احسان نہیں اتار سکتا۔
ہم نے اپنی سیاست کو قربان کر کے ریاست کو بچایا، آج ہم اس مقام پر پہنچ گئے ہیں جہاں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا۔شہباز شریف نے کہا کہ جب باہر جاتا ہوں تو دعا کرتا ہوں برادر ملک کے سربراہ یہ نہ سمجھیں کچھ مانگنے آیا ہوں ، پاکستان کی معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے، ہم مہنگائی چالیس فیصد سے 4 فیصد پر لائے، پالیسی ریٹ 22 سے 12 فیصد پر لائے ہیں، میرے لیے تمام صوبے برابر ہیں، ہم خون پسینہ بہا کر ملک کو عظیم بنائیں گے، ترقی میں بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا اب ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہوگا، باوقار روزگار ملے گا، صوبائی حکومتوں کےساتھ مل کر ملک کی ترقی کیلئے محنت کررہے ہیں، پاکستان قرضوں کے ساتھ ترقی نہیں کرے گا، دعا کریں قرضے ختم ہو جائیں۔ان کا کہنا تھا ایک سیاستدان کہتا تھا شہباز شریف پیسے مانگنے جاتا تھا، کیا آپ بانٹنے جاتے تھے؟ ملک کی معیشت مستحکم ہوگئی ہے، لیکن ہمیں خوشحالی لانی ہے، نوجوانوں کو روزگار دلانا ہے، بجلی کے بل مزید کم کریں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا دشمن گھس بیٹھیے گھات لگائے بیٹھے ہیں۔
دشمن کے کہنے پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی ہو رہی ہے، دہشتگردوں کو ختم کرنے کیلئے قربانی دی جا رہی ہے، جب تک دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک کی ترقی نہیں ہو سکتی، اسلام آباد میں دھاوے بولے جاتے ہیں تو ترقی نہیں ہو سکتی، امن قائم ہوئے بغیر یہ سب نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جب تک جان میں جان ہے خوب محنت کر کے پاکستان کو عظیم بنائیں گے، ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی ہے ۔