
کراچی(اے ون نیوز)مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات کے دوران منشیات کیس سے جڑے گرفتار ساحر حسن کی انٹیرو گیشن رپورٹ سامنے آگئی جس کے مطابق ملزم 13 سال سے منشیات استعمال کررہا ہے، 2 سال پہلے فروخت شروع کی۔
انٹیرو گیشن رپورٹ کے مطابق ملزم ساحر حسن منشیات کی بڑی مقدار میں فروخت پر رقم والد کے منیجر کے اکاؤنٹ میں منگواتا تھا، مصطفیٰ قتل کیس میں نامزد ملزم ارمغان 1400 گرام منشیات ہر ہفتے یا دو ہفتے میں ملزم ساحر سے خریدتا تھا۔
ملزم ساحر بازل اور یحییٰ نامی شخص سے منشیات خریدتا ہے، دونوں افراد کوریئر کے ذریعے ملزم ساحر کو منشیات گھر بھیجتے تھے، ملزم دونوں افراد سے منشیات خریدنے کے 4 سے 5 لاکھ روپے دیتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ملزم ایک ماہ میں دو بار 1200 گرام منشیات منگواتا تھا، ملزم ایک گرام منشیات 10 ہزار روپے میں فروخت کرتا ہے، ملزم کسٹمر سے فون پر بات کرتا، کسٹمرز ملزم کے گھر سے منشیات خریدتے تھے۔