اہم خبریںپاکستانتازہ ترینخیبر پختونخواہ

ڈیرہ اسماعیل خان،پنجایت نے11 سالہ بچی کو زبردستی ونی کی بھینٹ چڑھا دیا ،باپ نے خودکشی کر لی

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)تھانہ پہاڑ پور کے علاقہ بگوانی شمالی میں پنچایت نے غریب شخص کی 11سالہ بچی کو زبردستی ونی کی بھینٹ چڑھا دیا.

متاثرہ بچی کے غریب والد نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کردیا ،واقعہ سے پہلے بھی غریب شخص سے پنچایت زبردستی 7لاکھ روپے تاوان بھی لے چکی تھی ، اہلیان علاقہ کا مذکورہ واقعے پرآئی جی خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید، آر پی او ڈیرہ سید اشفاق انور اور ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ سے پنچایت کےخلاف فوری مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری اور متاثرہ خاندان کی فوری داد رسی کا مطالبہ کیا ہے.

آر پی او ڈیرہ سید اشفاق انور کی ہدایت پر اے ایس پی پہاڑ پور علی حمزہ کی قیادت میں پولیس نے مذکورہ واقعہ کی رپورٹ درج کرکے ملزمان کو گرفتارکرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق علاقہ بگوانی شمالی میں معمولی بات پر علاقے کے بااثر ڈیروں نے انتہائی غریب حجام عادل سے اس کے بھانجے اور ملزم فرید کی بیٹی کے آپس میں بات چیت کرنے کو اپنے بے عزتی قرار دیکر زبردستی ڈیرے پرغریب حجام کو ملزم ملک عنایت اللہ کے ذریعے اغواءکروا کے اپنے ڈیرے پر پہنچایا جہاں پنچایت لگائی گئی جس میں حجام عادل پر ظالمانہ تشدد کے بعد اس سے زبردستی اسٹام پیپر پر انگوٹھے لگوا کر اس واقعہ کے بدلے میں اسکی 11سالہ معصوم بچی کو ونی کرنے کا اعلان کیا.

مذکورہ واقعہ پر اس سے قبل بھی ملزمان نے غریب عادل حجام سے 7لاکھ روپے زبردستی تاوان بھی وصول کیا تھا، بیٹی کو زبردستی ونی کرنے ،7لاکھ روپے تاوان وصول کرنے اور ظالمانہ تشدد سے دلبرداشتہ ہو کر اپنا آخری آڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اس تمام ترواقعہ کی رداد بیان کی جس میں کہا کہ ملزمان عنایت اللہ اور فرید سمیت دیگر نے میرے ساتھ ظلم کیا.

مجھ سے 7لاکھ روپے کا تاوان وصول کیا اور میری 11سالہ معصوم بچی کو زبردستی ونی کرلیا ، اپنے آڈیو پیغام میں مزید کہا کہ ہمارے ساتھ ظلم کرنے والے ملزمان کو کسی صورت معاف نہ کیا جائے میرے خاندان اور بچوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے ، جس کے بعد غریب حجام عادل نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا.

واقعہ کے بعد علاقہ بگوانی کی عوام میں سخت تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے، عوام نے آئی جی خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید، آر پی او ڈیرہ سید اشفاق انور اور ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کےخلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے اور ان کو قرار واقعی سزا دی جائے.

ذرائع کے مطابق آئی جی خیبرپختونخواہ نے بھی مذکورہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ، آر پی او ڈیرہ سید اشفاق انور نے اس سلسلے میں متعلقہ اے ایس پی علی حمزہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے.

ا س سلسلے میں اے ایس پی علی حمزہ نے بتایا کہ اس واقعہ کی رپورٹ تھانہ پہاڑ پور میں درج کرلی گئی ہے جبکہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button