اہم خبریںتازہ ترینکھیل

چیمپئنزٹرافی کی اختتامی تقریب میں پی سی بی حکام کی غیر موجودگی، آئی سی سی کی وضاحت

دبئی(اے ون نیوز)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی دبئی میں ہونے والی اختتامی تقریب کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کی غیر موجودگی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے وضاحت جاری کردی۔

دبئی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں میزبان ملک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نمائندگی نہ ملنے پر سابق کرکٹرز نے آئی سی سی پر شدید تنقید کی اور بورڈ نے بھی اس معاملے کو اٹھایا۔

جس پر آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پی سی بی حکام کی غیر موجودگی پر وضاحت پیش کردی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو اختتامی تقریب کے لیے مدعو کیا گیا تھا لیکن وہ اختتامی تقریب میں شرکت نہیں کرسکے۔

ترجمان آئی سی سی کے مطابق محسن نقوی نے فائنل کے لیے دبئی کا سفر نہیں کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی طرف سے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد دبئی اسٹیڈیم میں موجود تھے مگر آئی سی سی نے میزبان ملک کو نمائندگی دینے کی زحمت نہ کی۔

چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں میزبان ملک کے چیئرمین محسن نقوی کے بجائے بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کے صدر بنی نے جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی کی روایتی جیکٹس پہنائیں۔

اس حوالے سے آئی سی سی کے ترجمان نے وضاحت پیش کی کہ ’انٹرنیشنل کرکٹ کونسل صرف ٹورنامنٹ کے میزبان بورڈ کے سربراہان (صدر، نائب صدر، چیئرمین یا چیف ایگریکٹو) کو ایوارڈ تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کرتی ہے‘۔

مزید کہا کہ آئی سی سی تقریب میں ٹورنامنٹ ڈائریکٹرز یا دیگر حکام کو پوڈیم پر مدعو نہیں کیا جاتا اور وہ تقریب تقسیم انعامات کا حصہ نہیں بنتے۔

دوسری جانب پی سی بی کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button