
لاہور(اے ون نیوز) مون سون نے رنگ جما دیا، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے موسم دلفریب ہوگیا، جبکہ بارش کے باعث چھتیں گرنے سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بادلوں نے سماں باندھ دیا جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، ٹاؤن شپ، کینال روڈ، ہربنس پورہ ،کاہنہ، جلو موڑ، تاج باغ اور دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے۔
لاہور میں بارش کے بعد درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بادل جم کر برسے، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، میانوالی، فیصل آباد، سانگلہ ہل، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حجرہ شاہ مقیم، خوشاب، جوہرآباد اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر واسا الرٹ ہے، ایم ڈی واسا نے تمام فیلڈ ٹیموں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اس کے علاوہ مری اور آزاد کشمیر میں بھی بادل برسے، مالم جبہ، کالام اور دیگر شہروں میں بارش ہوئی، ایبٹ آباد میں بارش کے باعث ندی دوڑ میں طغیانی آگئی، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے مرکزی شاہراہ بند ہوگئی، متعدد سیاح پھنس گئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹے کیلئے طوفان اور بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث حادثات میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
اوکاڑہ میں بنگلہ گوگیرہ کی نواحی بستی ریاض آباد میں بارش کے باعث بانسوں سے بنی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے، جاں بحق بچی کی شناخت دعا فاطمہ کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں 7 سالہ مہوش اور 6 سالہ ارم شامل ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر مقامی افراد کی مدد سے بچیوں کو ملبے سے نکالا اور زخمیوں کو فوراً ابتدائی طبی امداد فراہم کی، زخمی اور نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ قصور کے نواحی گاؤں تلونڈی میں تیز بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دو بچے شدید زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والے بچوں کو فوری طور ریسکیو کر کے نکال لیا گیا، بچوں کو طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حجرہ شاہ مقیم میں بھی تیز بارش کے باعث اٹاری روڑ پر محنت کشوں کے تین گھروں کی چھتیں گر گئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔