
غزہ(اے ون نیوز)غزہ کے وسطی علاقے دیر البلح میں اسرائیلی فضائی حملے میں 10 بچوں اور 3 خواتین سمیت کم از کم 15 فلسطینی شہید ہو گئے۔
غزہ کے گورنمنٹ میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی فوج نے اس میڈیکل پوائنٹ کو نشانہ بنایا جو بیمار بچوں اور خواتین کو غذائی اور طبی سپلیمنٹس فراہم کر رہا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ حملہ بچوں، خواتین اور شہریوں کے خلاف قابض فوج کی قتل عام کی پالیسی کو بے نقاب کرتا ہے۔ اسرائیلی بمباری کے ذریعے شہری آبادی، مارکیٹوں اور بنیادی سہولیات کو اندھا دھند نشانہ بنایا جا رہا ہے‘۔
غزہ کے شہدائے الاقصیٰ اسپتال سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں فرش پر بچوں کی لاشیں اور زخمیوں کو دکھایا گیا جنہیں طبی عملہ امداد دے رہا تھا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے علاقے میں حماس کے ایک دہشت گرد کو نشانہ بنایا تھا۔ فوج نے اپنے بیان میں بے گناہ افراد کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں‘۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 82 افراد شہید جبکہ 247 زخمی ہوچکے ہیں۔
7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 57 ہزار 762 فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 37 ہزار 656 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔