
برمنگھم(اے ون نیوز)ورلڈ چیمپیئنز شپ آف لیجنڈز میں آج شیڈول پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سیاسی کشیدگی کی نذر ہو گیا۔ منتظمین نے میچ کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے شائقین سے معذرت اور ٹکٹ ریفنڈ کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں شیکھر دھون اور ہربجھن سنگھ نے مبینہ طور پر شاہد آفریدی کی موجودگی پر میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ آفریدی کی پلیئنگ الیون میں شمولیت سے میچ کا انعقاد ممکن نہیں۔ اس دباؤ کے بعد منتظمین نے مقابلہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے محمد حفیظ کی قیادت میں انگلینڈ کو شکست دی تھی اور شاہد آفریدی ٹیم کا اہم حصہ رہے۔
بھارتی میڈیا نے بھی اس معاملے پر تنقید کی اور سوال اٹھایا کہ ایسے تنازعات کے باوجود میچ کھیلنے کی کیا ضرورت تھی؟ بالآخر بڑھتے دباؤ کے باعث منتظمین نے میچ منسوخ کر دیا۔
منتظمین نے واضح کیا ہے کہ باقی تمام میچز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے، اور متاثرہ میچ کے ٹکٹ خریدنے والے افراد کو جلد رقم واپس کر دی جائے گی۔