
کوئٹہ(اے ون نیوز)بلوچستان میں عید الاضحی کے دنوں میں پیش آنے والے مبینہ غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی لرزہ خیز ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس نے عوامی اور حکومتی حلقوں میں شدید ردعمل کو جنم دیا۔
وائرل ویڈیو میں ایک خاتون اور مرد کو فائرنگ کر کے قتل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعے کے منظر عام پر آتے ہی وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ یہ افسوسناک واقعہ بلوچستان کے ایک دور دراز علاقے میں عید الاضحی کے ایّام میں پیش آیا، اور کسی خاندان نے واقعے کی باقاعدہ رپورٹ درج نہیں کرائی۔ تاہم، حکومت نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
شاہد رند کے مطابق”ویڈیو کی مدد سے ملزمان کی شناخت جاری ہے۔ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ باقیوں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔”
مزید بتایا گیا ہے کہ تمام مشتبہ افراد کا ڈیٹا نادرا کو فراہم کر دیا گیا ہے تاکہ ان کی جلد شناخت اور گرفتاری کو ممکن بنایا جا سکے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ابھی تک لاشیں برآمد نہیں ہوئیں، لیکن تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واقعے کی مذمت ملک بھر سے کی جا رہی ہے اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسے ریاستی ناکامی قرار دیتے ہوئے انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔