
ڈھاکہ(اے ون نیوز)ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی ایئر فورس کا تربیتی طیارہ گِرنے سے کم از کم 20 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
بنگلہ دیشی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر فورس کا طیارہ ایف سیون بے جے آئی نے پیر کی دوپہر ایک بج کر چھ منٹ پر اڑان بھری تھی مگر یہ فوراً بے قابو ہو گیا اور سکول کی عمارت سے ٹکرایا۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت میں معاون خصوصی ڈاکٹر محمد سید الرحمان نے کہا کہ اترا کے مائلسٹون سکول اینڈ کالج میں فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثے کے 17 متاثرین بچے تھے۔
انھوں نے کہا کہ ان میں سے سات کی لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ’ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کی ضرورت ہوگی۔‘
ڈاکٹر رحمان نے پیر کی رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب ڈھاکہ میں نیشنل برن اینڈ پلاسٹک سرجری انسٹی ٹیوٹ میں بریفنگ دی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 88 اس وقت ہسپتال میں داخل ہیں۔
ڈاکٹر رحمان نے بتایا کہ ان میں سے 25 کی حالت تشویشناک ہے۔