اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

عمران خان کے بیٹوں نے امریکی ایلچی سے ملاقات کر کے والد کی رہائی کی مہم کا آغاز کر دیا

واشنگٹن (اے ون ٹی وی نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی قید کے خلاف ان کے بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان نے امریکی سطح پر مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل سے ملاقات کی۔

کیلیفورنیا میں ہونے والی اس ملاقات کے بعد رچرڈ گرینل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا:”دنیا بھر میں سیاسی انتقام کے مقدمات سے لوگ تنگ آ چکے ہیں، قاسم اور سلیمان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حوصلہ نہ ہاریں، وہ اکیلے نہیں۔”

امریکا میں پی ٹی آئی کے ہم خیال حلقے متحرک ہو چکے ہیں۔ پاکستانی نژاد امریکی رہنما ڈاکٹر آصف محمود بھی اس ملاقات کا حصہ تھے۔ انہوں نے عمران خان کے بیٹوں کے ساتھ اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں کی کوششوں پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ڈاکٹر آصف محمود امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کے نائب چیئرمین بھی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل علیمہ خان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سلیمان اور قاسم پہلے امریکہ جائیں گے تاکہ وہاں اپنے والد کے خلاف ہونے والی "ناانصافیوں” کو اجاگر کریں، اس کے بعد وہ پاکستان آ کر تحریک میں شامل ہوں گے۔

دوسری طرف، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 16 کے مطابق اجتماع کا حق صرف پاکستانی شہریوں کو حاصل ہے۔ چونکہ عمران خان کے بیٹے برطانوی شہری ہیں، اس لیے وہ پاکستان میں سیاسی سرگرمیوں میں قانونی طور پر شریک نہیں ہو سکتے۔ ویزا کی شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں ان کا ویزا منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے رائے دی کہ اگر دونوں بھائی قانون کے دائرے میں رہیں تو انہیں پاکستان آ کر اپنے والد کی حمایت میں سرگرمیوں کی اجازت ملنی چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button