
لاہور (اے ون نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما حماد اظہر نے اپنے خلاف قائم مقدمات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں حماد اظہر نے کہا کہ وہ اپنی والدہ اور بچوں کے ساتھ رہنے کی خواہش رکھتے ہیں اور انصاف کے لیے قانونی راستہ اپنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالت سے انصاف ملا تو شکر ادا کریں گے، اور اگر نہ ملا تو مزید جبر بھی صبر سے برداشت کریں گے۔
حماد اظہر نے اپنے والد میاں اظہر کی وفات کے بعد تعزیت کرنے والوں، جنازے میں شرکت کرنے والے افراد، اور دعائیں کرنے والے تمام سیاسی و عوامی حلقوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی میراث شرافت، ایمانداری اور سیاسی وضع داری ہے، جو ملک کے سیاسی کلچر کے لیے ایک نمونہ ہے۔
اپنے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ وہ والدین کا اکلوتا بیٹا اور تین بہنوں کا بھائی ہیں، اور گزشتہ دو سال سے ان کی فیملی کو مسلسل آزمائش کا سامنا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ "جعلی اور بے بنیاد پرچوں” کا نشانہ بنے ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا:”میں بے گناہ ہوں، عدالت سے رجوع کروں گا، اور اگر انصاف نہ ملا تو صبر اور استقامت کے ساتھ جبر برداشت کرتا رہوں گا۔”