
اسلام آباد(اے ون نیوز) وفاقی حکومت نے ملک میں جاری چینی بحران پر سخت ایکشن لیتے ہوئے 18 شوگر ملز کے گوداموں میں موجود چینی کا ذخیرہ اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق تقریباً 19 لاکھ میٹرک ٹن چینی اب ریاستی کنٹرول میں ہے، اور اس کا مقصد مصنوعی قلت اور قیمتوں میں مزید اضافے کو روکنا ہے۔
وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے مطابق شوگر ملز کے مالکان اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث دیگر افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیے گئے ہیں تاکہ وہ ملک چھوڑ کر فرار نہ ہو سکیں۔ ایف بی آر کے اہلکاروں کو ان تمام شوگر ملز میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ چینی کی سپلائی کی مانیٹرنگ کی جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر ملز کے گوداموں میں موجود چینی پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم بھی لگا دیا گیا ہے، جس کے ذریعے ہر کھیپ کی نقل و حرکت پر مکمل نظر رکھی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد چینی کی مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کو روکنا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے گھی ملز میں بھی ایف بی آر اہلکار تعینات کیے تھے تاکہ وہاں کی پیداوار، اسٹاک اور ترسیل پر کڑی نگرانی کی جا سکے۔ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں امید کی جا رہی ہے کہ چینی کی قیمتوں میں جلد استحکام آئے گا اور عام صارفین کو ریلیف ملے گا۔