اہم خبریںتازہ تریندنیا

فلسطین کی حمایت میں آسٹریلیا کا بڑا یوٹرن؟

کینبرا(اے ون نیوز)آسٹریلیا نے فلسطینی ریاست کو جلد از جلد تسلیم کرنے کا اشارہ دیا ہے، جس سے عالمی سطح پر فلسطین کی حمایت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

آسٹریلوی وزیر خزانہ جم چالمرز نے ایک مقامی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا اب "محض وقت کی بات ہے”، تاہم اس کے لیے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی جا سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ "حماس کے یرغمالیوں سے متعلق سلوک اور مستقبل کی فلسطینی ریاست میں حماس کا ممکنہ کردار ایسے حساس معاملات ہیں جو آسٹریلیا کے لیے رکاوٹ بن سکتے ہیں۔”

یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب فرانس، برطانیہ، کینیڈا اور مالٹا پہلے ہی ستمبر تک فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان ممالک کے فیصلے نے آسٹریلیا کے مؤقف پر اثر ڈالا ہے۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیزے اس سے قبل یہ کہہ چکے تھے کہ ان کی حکومت کا فوری طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کی جا رہی ہے۔

حال ہی میں برطانوی ہم منصب سے ملاقات کے بعد البانیزے نے ایک بار پھر زور دیا کہ اسرائیل اور فلسطین کا مسئلہ دو ریاستی حل کے تحت ہی حل کیا جانا چاہیے، اور مستقبل کی فلسطینی ریاست میں حماس کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔

وزیرِاعظم البانیزے نے انسانی امداد، جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت اصولی مؤقف پر قائم رہے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button