
سرگودھا (اے ون ٹی وی نیوز) سرگودھا کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے 9 مئی حملہ کیس میں فیصلہ سنا دیا، محمد اسماعیل کو 25 سال قید کی سزا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے 50 رہنما اور کارکن اشتہاری قرار دے دیے گئے۔
عدالت نے مقدمہ نمبر 349/23 میں یہ فیصلہ سنایا، جس کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس میانوالی پر حملے، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے الزامات ملزمان پر ثابت ہو گئے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد نعیم شیخ نے ڈی پی او میانوالی کو ایک ماہ کے اندر تمام اشتہاری ملزمان بشمول احمد خان بھچر، احمد چٹھہ، بلال اعجاز کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ اس مقدمے میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمر ایوب خان کے پہلے ہی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ ان کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے۔
گزشتہ روز بھی فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا سمیت کئی رہنماؤں کو سزائیں سنائی تھیں، جبکہ فواد چوہدری، زین قریشی، خیال کاسترو اور دیگر 88 افراد کو بری کر دیا گیا تھا۔