
لندن(اے ون نیوز)7 مئی 2025 کی رات پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فضائی جھڑپ میں بھارتی رافیل طیارے کی تباہی نے عالمی سطح پر ہلچل مچا دی۔ معتبر ذرائع کے مطابق، یہ جھڑپ اُس وقت شروع ہوئی جب بھارتی فضائیہ کے درجنوں جنگی طیارے پاکستانی حدود کے قریب متحرک ہوئے۔
پاکستانی فضائیہ نے صورتحال کا فوری ادراک کرتے ہوئے اپنے جدید چینی ساختہ جے-10 سی طیارے فضا میں روانہ کیے۔ ذرائع کے مطابق، پاک فضائیہ کے طیاروں نے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں فضائی حکمت عملی اپناتے ہوئے دشمن طیاروں کو نشانہ بنایا۔
اہم بات یہ ہے کہ پاکستانی جے-10 سی نے چینی ساختہ PL-15 میزائل استعمال کیا، جس کی رینج بھارت کی توقعات سے کہیں زیادہ نکلی۔ بھارتی پائلٹ یہ سمجھتے رہے کہ وہ محفوظ فاصلے پر ہیں، مگر میزائل نے تقریباً 200 کلومیٹر دور سے رافیل کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق، اس کامیابی کے پیچھے پاکستان کا جدید "کِل چین” نظام بھی اہم کردار ادا کرتا ہے، جو زمین، فضا اور سیٹلائٹ سینسرز کو آپس میں جوڑتا ہے۔ اس نظام کی مدد سے پاکستانی طیارے دشمن کے ریڈار سے چھپ کر مؤثر حملے کرنے کے قابل ہو گئے۔
واقعے کے بعد بھارتی حکومت نے سرکاری طور پر رافیل طیارہ گرنے کی تصدیق نہیں کی، تاہم بھارتی پارلیمنٹ میں ایک رکن اسمبلی نے اس واقعے کے شواہد پیش کیے ہیں۔
عالمی دفاعی مبصرین کے مطابق، یہ واقعہ نہ صرف پاکستان کی فضائی برتری کو ظاہر کرتا ہے بلکہ چین کے تیار کردہ دفاعی نظام کی کامیابی بھی ثابت کرتا ہے۔