
لاہور(اے ون نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس فیز سی میں مزدوروں پر تشدد کرنے والا بااثر شخص آفتاب میو بالآخر قانون کی گرفت میں آ گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق آفتاب میو نے خود ویڈیو بنائی جس میں وہ پلاسٹک کے پائپ سے دو مزدوروں — آصف اور تنویر — کو تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے بعد شدید عوامی ردعمل سامنے آیا۔
پولیس نے ویڈیو کی مدد سے ملزم کی شناخت کی اور اسے حراست میں لے لیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایس پی کینٹ نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں پر ظلم و زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر ظالم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔