
نیو ساؤتھ ویلز(اے ون نیوز)آسٹریلیا کے مشرقی علاقوں میں واقع کئی قصبوں نے دہائیوں بعد غیرمعمولی برف باری کا سامنا کیا، جس کے نتیجے میں متعدد سڑکیں بند ہو گئیں، سیکڑوں گھر بجلی سے محروم ہو گئے اور ایک ہزار سے زائد حادثات رپورٹ ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز کے مختلف علاقوں میں 16 انچ تک برف پڑی، جو 1980 کی دہائی کے بعد کی سب سے شدید برف باری ہے۔ میٹرولوجسٹ میریام برانڈبری کا کہنا ہے کہ پڑوسی ریاست کوئنزلینڈ میں بھی 10 سال بعد برف باری ریکارڈ کی گئی۔
حکام کے مطابق موسم کی شدت اور برف باری کے باعث 100 سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں، آندھی کے باعث متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، جبکہ سیلابی صورتحال کے سبب مختلف علاقوں میں الرٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔
ریاستی ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ اب تک 1,445 سے زائد ٹریفک حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ادھر آسٹریلیا کے قومی نشریاتی ادارے نے کہا ہے کہ سیکڑوں گھروں میں بجلی کی فراہمی رات بھر معطل رہی۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کی شب ایک کار سیلاب میں بہہ گئی، جس میں سوار 20 سالہ لڑکی کی تلاش تاحال جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگرچہ موسمیاتی تبدیلیوں نے موسم کو غیرمستحکم بنایا ہے، لیکن آسٹریلیا کی تاریخ میں اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔