عمران خان نے کبھی بیرون ملک جانے کا نہ سوچا، نہ خواہش ظاہر کی: علی امین گنڈاپور

پشاور(اے ون نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے ہمیشہ واضح الفاظ میں کہا ہے کہ وہ پاکستان چھوڑ کر باہر نہیں جائیں گے۔
مقامی اخبار کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ’’عمران خان نے نہ کبھی ملک سے باہر جانے کی خواہش ظاہر کی، نہ ایسا سوچا۔ یہ سب مفروضے اور شوشے تحریک کو نقصان پہنچانے کی سازش ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’بانی تحریک انصاف نے مجھے وزیر اعلیٰ بنایا، ان کی حکومت، ان کا مینڈیٹ اور ان کا اعتماد میرے ساتھ ہے، میں کسی سازش کا حصہ نہیں، جو لوگ سازشوں میں ملوث ہیں وہ عمران خان کے نہیں بلکہ مخالفین کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔‘‘
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ’’مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کیے جائیں، آپریشن مستقل حل نہیں، ماضی میں بھی آپریشن کیے گئے لیکن کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔‘‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان سے تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت ہے، کیونکہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ’’جب تک حکومت، اداروں اور عوام کے درمیان اعتماد بحال نہیں ہوگا، دہشت گردی اور مسائل کا خاتمہ ممکن نہیں۔‘‘
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے اعتماد کے بغیر نہ جنگ لڑی جا سکتی ہے نہ جیتی جا سکتی ہے، ’’اگر ہم نے مسائل پر کھل کر بات نہ کی تو چھوٹا مرض بھی کینسر بن سکتا ہے۔‘‘