کوہستان: 28 سال بعد گلیشیئر سے ملنے والی لاش نے سب کو حیران کر دیا

کوہستان(اے ون نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں 28 سال قبل برفانی طوفان میں لاپتہ ہونے والے نوجوان کی لاش اچانک گلیشیئر کے پگھلنے کے بعد صحیح سلامت حالت میں برآمد ہوئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق نصیرالدین نامی نوجوان جون 1997 میں خاندانی دشمنی کے باعث الائی سے سپٹ ویلی کے راستے گھر واپس جا رہا تھا کہ راستے میں شدید برفباری اور گلیشیئر کی زد میں آ کر لاپتا ہو گیا۔ کئی سالوں کی تلاش اور انتظار کے بعد اس کے اہلخانہ نے امید چھوڑ دی تھی۔
تاہم حال ہی میں کوہستان کے علاقے پالس میں ایک گلیشیئر کے پگھلنے کے بعد ایک لاش ملی جس کے جسم پر لباس اور واسکٹ تقریباً محفوظ حالت میں تھے۔ اس کی جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ سے اس کی شناخت ممکن ہوئی۔
نصیرالدین کے بھائی کثیرالدین نے بتایا کہ 28 سال بعد میت کا یوں مل جانا ایک ناقابل یقین لمحہ تھا۔ مقامی لوگوں کی موجودگی میں نصیرالدین کی تدفین کر دی گئی۔