
اکرا (اے ون نیوز) مغربی افریقی ملک گھانا میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں وزیر دفاع، وزیر ماحولیات اور فضائیہ کے تین اہلکاروں سمیت نو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
حکام کے مطابق حادثہ گھانا کے جنوبی علاقے میں پیش آیا جہاں دورانِ پرواز ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ بعد ازاں اطلاع ملی کہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
سرکاری ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں وزیر دفاع، وزیر ماحولیات، فضائیہ کا عملہ اور دیگر سرکاری اہلکار شامل ہیں۔ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گھانا کے صدر نے اسے "قومی سانحہ” قرار دیا ہے۔
گھانا کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
واضح رہے کہ گھانا میں اس نوعیت کا واقعہ انتہائی کم پیش آتا ہے، لیکن اس حادثے نے ملک بھر کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔