
لاہور(اے ون نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ اب ’’ہاٹ کیک‘‘ بن چکی ہے، ضمنی انتخابات میں ہر نشست کے لیے 15، 15 امیدوار درخواستیں دے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حتمی فیصلہ پارٹی قائد نواز شریف کریں گے، جبکہ پارلیمانی بورڈ موزوں امیدواروں کی سفارش کرے گا۔
عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی ضمنی انتخابات سے دستبردار ہو چکی ہے اور ن لیگ کے مقابلے کے لیے امیدوار تک نہیں مل رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں ہے، جبکہ مخالفین انتشار اور مایوسی کا شکار ہیں۔
ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے کی تکمیل، بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کی حکمت عملی اور تیاریوں پر مشاورت ہوئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی اور وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مریم نواز کی عوام دوست پالیسیوں سے پارٹی کی مقبولیت بڑھی ہے اور دوسرے صوبے بھی ان کی کارکردگی کے معترف ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابی کو اللہ کی مدد سے حاصل ہونے والا بڑا اعزاز قرار دیا اور کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ملک کو بحرانوں سے نکال رہی ہے۔