
اسلام آباد (اے ون نیوز) یومِ آزادی کے 78 ویں جشن پر جناح گراونڈ اسلام آباد میں عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز اور سول سوسائٹی کو میثاق استحکام پاکستان میں شامل ہونے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ 14 اگست صرف ایک دن نہیں بلکہ قربانیوں، شہادتوں اور آزادی کی جدوجہد کی ایک طویل تاریخ ہے۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور تحریک پاکستان کے تمام رہنماو¿ں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے بھارتی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کا غرور پاکستانی افواج کے عزم کے سامنے چار دن میں خاک میں مل گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور عسکری قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے آرمی راکٹ فورس کی تشکیل کا اعلان کیا، جو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت جارحانہ عزائم کے لیے نہیں بلکہ بھارت کی جوہری جارحیت کا توازن برقرار رکھنے کے لیے ہے۔ انہوں نے چین، سعودی عرب، ترکیہ، آذربائیجان، یو اے ای، قطر، ایران اور سابق امریکی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچا کر ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے، اسٹاک مارکیٹ کی ریکارڈ بلندی اور شرح سود میں کمی اس کی واضح مثال ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی 38.3 ارب ڈالر کی ترسیلات زر ملکی معیشت کے لیے سنگ میل ہیں۔
فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ احتجاج اور تنقید سب کا حق ہے مگر ریاست کے خلاف بغاوت، جلاو¿ گھیراو¿ اور گالی گلوچ کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ “کسی نئے فتنے کو پنپنے نہیں دیں گے۔”
نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے تعلیم، روزگار اور ترقیاتی منصوبوں سے فائدہ اٹھانے اور پاکستان کو خود کفیل بنانے کا عزم دہرانے کی تلقین کی۔