
راولپنڈی (اے ون نیوز) بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ کون ہینڈل کرتا ہے؟ نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیم نے اڈیالہ جیل جاکر پوچھ گچھ کی مگر ذرائع کے مطابق عمران خان نے معلومات دینے سے انکار کر دیا۔
این سی سی آئی اے کی 3 رکنی ٹیم کی قیادت ایاز خان کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم نے سوال کیا کہ آپ کا ایکس اکاؤنٹ کون استعمال کرتا ہے اور یہ کہاں سےاستعمال کیاجاتا ہے؟ آپ نے ایکس اکاؤنٹ تک رسائی کس کودی ہوئی ہے۔ آپ کےایکس اکاؤنٹ سے جو چیزیں پوسٹ ہوتی ہیں کیا آپ کو اُن کا علم ہے۔ ٹیم نے یہ بھی کہا کہ آپ کے ایکس اکاؤنٹ سےریاست کے مخالف ہوتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ میرا ایکس اکاؤنٹ کون استعمال کرتا ہے، یہ نہیں بتاؤں گا۔ این سی سی آئی اے کی ٹیم ایک گھنٹہ سے زائد اڈیالہ جیل موجود رہی۔