
اسلام آباد(اے ون نیوز)قومی ائیرلائن پی آئی اے آج سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے، قومی ائیرلائن کے ترجمان نے پروازوں کی بحالی کی تصدیق کی ہے۔
قومی ائیرلائن نے ٹورنٹو کے لیے اپنی تمام پروازیں 13 سے 28 ستمبر تک معطل کر دی تھیں۔
وجہ طیاروں کی کمی اور فاضل پرزہ جات کی عدم فراہمی بتائی گئی تھی، متعلقہ ذرائع کے مطابق ائیرلائن ٹورنٹو کے لیے پاکستان سے طویل فاصلے کی براہ راست اور نان اسٹاپ فلائٹس بوئنگ 777 ایل آر یعنی لانگ رینج طیاروں کے ذریعے آپریٹ کی جاتی ہیں لیکن اس وقت تک ائیرلائن کے دونوں بوئنگ 777 ایل آر طیارے گراؤنڈ ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایک بوئنگ 777 ایل آر طیارے کے لینڈنگ گیئرز تبدیل ہونے ہیں، نئے لینڈنگ گیئر شعبہ انجینئرنگ کو مل گئے ہیں لیکن مطلوبہ ٹولز نہ ہونے کی وجہ سے یہ لینڈنگ گیئرز بروقت طیارے میں نہیں لگ سکے ہیں۔
اس لیے ٹورنٹو کی پرواز اب بوئنگ 777۔ 300 ای آر طیارے کے ذریعہ آپریٹ کی جائےگی۔
قومی ائیرلائن کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ آج پی کے 783 کراچی سے ٹورنٹو کے لیے روانہ ہوگی۔ اس موقع پر قومی ائیرلائن نے ٹورنٹو کے لیے ٹکٹ پر 15 فیصد رعایت کا اعلان بھی کیا ہے۔
رعایتی ٹکٹ دس اکتوبر تک دستیاب ہوں گے اور ان پر 30 ستمبر سے 19 دسمبر تک سفر کیا جاسکےگا۔