اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

اسرائیلی فوج نے غزہ امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کردیا

تل ابیب(اے ون نیوز)اسرائیلی فوج نے غزہ امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کردیا۔

فلوٹیلا کے منتظمین کے مطابق اسرائیلی اہل کار قافلے میں شامل ایک جہاز میں داخل ہوگئے ہیں اور تمام ارکان کو اسرائیلی فوجیوں نے حراست میں لے لیا ہے۔

اس سے قبل گلوبل صمود فلوٹیلا کے منتظمین نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے اپنے جہازوں پر ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

فلوٹیلا کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے رکن تیاغو اویلا نے اپنے جہاز سے بھیجے گئے ایک آڈیو پیغام میں کہا کہ ’ہم اپنے مشن کے ایک فیصلہ کن مرحلے پر پہنچ رہے ہیں۔ اس وقت ہم ان (اسرائیل) کی فوجی ناکہ بندی کے قریب بڑھ رہے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اسرائیلی جہازوں کی ایک بڑی تعداد یہاں موجود ہے، جو اسرائیلی وزارتِ خارجہ اور میڈیا کی اُن اطلاعات سے مطابقت رکھتی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ آج رات ہمارے اس مشن کو غیرقانونی طور پر روکا جائے گا، حالانکہ ہمارا مقصد محاصرہ توڑنا اور ایک انسانی راہداری قائم کرنا ہے‘۔

فلوٹیلا پر موجود عرب صحافی کے مطابق کم از کم 12 مشتبہ اسرائیلی جہاز ان سے تقریباً 4 بحری میل کے فاصلے پر ہیں، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یہ جہاز کس رفتار سے بڑھ رہے ہیں یا صرف فلوٹیلا کو روکنے کے لیے رکاوٹ کے طور پر کھڑے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اس سے قبل گلوبل صمود فلوٹیلانے اپنی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ بیڑہ اس وقت غزہ سے 118 بحری میل کے فاصلے پر ہے، جو اس مقام سے صرف8 میل دور ہے جہاں جون میں امدادی جہاز ’میڈلین‘ پر اسرائیلی فوج نے قبضہ کرلیا تھا۔

ترک خبر رساں ادارے سے فلوٹیلا کے ایک جہاز پر موجود کارکن زین العابدین اوزکان نے بتایا کہ رات بھر فلوٹیلا کے اوپر ڈرونز کی پروازیں جاری رہیں اور صبح تقریباً 5 بجے فلوٹیلا میں شامل ’الما‘ نامی مرکزی کشتی کے جی پی ایس اور انٹرنیٹ سسٹم پر سائبر حملہ کر کے اس سے رابطہ منقطع کر دیا گیا۔

’الما‘ پر موجود ترک کارکن متیہان ساری نے کہا کہ ’یہ اب تک کی سب سے بڑی ہراسانی تھی جس کا ہمیں سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے ہمیں ڈرانے کی کوشش کی لیکن ہم خوفزدہ نہیں ہوئے اور انہیں بتایا کہ ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے‘۔

متیہان ساری کے مطابق اسرائیلی بحری جہاز ’الما‘ سے صرف 5 سے 10 میٹر کے فاصلے تک آگئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button