
لندن(اے ون نیوز)(اے ون نیوز)کسی بھی ملک اور کمپنی کا ہوائی جہاز ہنگامی لینڈنگ عام طور پر اس وقت کرتا ہے جب کوئی بڑی ایمرجنسی کی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔
لیکن برطانیہ میں دوران پرواز ایک شخص کچھ ایسا کرنے لگا کہ پائلٹ جہاز کو لینڈ کرنے پر مجبور ہو گیا۔مسافر بوکھلا کر رہ گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ لندن سے اسپین جانے والی ریان ائیر (Ryanair) کی پرواز میں پیش آیا۔جیسے ہی ائیرپورٹ سے جہاز نے اڑان بھری تو اس کے اندر اچانک ہنگامہ بر پا ہوگیا اور تمام مسافر ہکّا بکّا رہ گئے۔
حالات اس قدر خراب ہوگئے کہ پائلٹ کو بیچ راستے میں ہی جہاز کو لینڈ کرنا پڑا۔دراصل برطانیہ کے مسافر نےجب دیکھا کہ ایئرپورٹ پر شراب سستی مل رہی ہے ، تو اس نے جم شراب پی لی اور طیارہ کے ہوا میں پہنچتے ہیں ہی ہنگامہ مچا دیا۔
بیچ راستے میں جو ہوا وہ کسی ڈرامہ سے کم نہیں تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق ایک نشے میں دھت مسافر ڈینیل ایشلے لاج نے ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔
اس اچانک کارروائی سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ طیارہ میں ہنگامہ مچ گیا کہ آخر یہ حرکت کون اور کیوں کررہاہے، تو پائلٹ نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کو فرانس کے شہر ٹولوز میں ہنگامی لینڈنگ کروا دی۔ جیسے ہی طیارہ اترا، فرانسیسی پولیس اندر داخل ہوئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں گنجے سر والے برطانوی مسافر کو پولیس سے بھڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ پولیس نے بارہا اسے باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن اس نے ہلنے سے انکار کر دیا۔
آخر کار ایک پولیس افسر نے اس کا کان مروڑا اور اسے گھسیٹ کر باہر لے گیا۔ جہاز میں موجود دیگر مسافرین تالیاں بجانے لگے۔
پولیس کے مطابق کہ ایشلے لاز اس قدر نشے میں تھا کہ وہ کئی گھنٹوں تک بے ہوش رہا اور اس سے بات نہیں کی جاسکی ۔ اس نے شراب اتنی زیادہ پی لی تھی کہ وہ چل بھی نہیں پارہا تھا ۔
ملزم چار دوستوں کے ساتھ بیچلر پارٹی میں جا رہا تھا۔ پولیس نےاس کے ساتھیوں کو بھی جہاز سے باہر نکال دیا۔