اہم خبریںپنجابتازہ ترین

طیفی بٹ کی ہلاکت کے بعد دوسرے مرکزی ملزم گوگی بٹ کی گرفتاری کیلئے چھاپہ

لاہور (اے ون نیوز) امیربالاج قتل کیس کے ملزم طیفی بٹ کی ہلاکت کے بعد دوسرے مرکزی ملزم گوگی بٹ کی گرفتاری کیلئے پولیس متحرک ہوگئی۔

اطلاعات کے مطابق پولیس نے ملزم خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کے گھر چھاپہ مارا، تاہم اس دوران گوگی بٹ گھر پر موجود نہیں تھا، پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ جلد ہی گوگی بٹ کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گوگی بٹ ناصرف امیر بالاج قتل کیس میں پولیس کو مطلوب ہے اس کے علاوہ متعدد سنگین جرائم میں بھی لاہور پولیس کی مطلوب فہرست میں شامل ہے، ملزم گزشتہ کئی روز سے انڈرگراؤنڈ ہے، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس مختلف آپریشنز کر رہی ہے، اس سلسلے میں سرچ آپریشنز اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ملزم کو جلد از جلد کرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

خیال رہے کہ پنجاب پولیس کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) سے مبینہ مقابلے میں امیر بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ مارا گیا، خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو دبئی سے پاکستان لانے کے بعد لاہور منتقل کیا جارہا تھا کہ اس دوران رحیم یار خان کے قریب ملزم کے ساتھیوں نے حملہ کردیا.

سی سی ڈی پنجاب کا کہنا ہے کہ طیفی بٹ کو بالاج کیس کی تفتیش کے لیے لاہور لایا جا رہا تھا کہ رحیم یار خان میں ملزم کے اپنے ساتھیوں نے اس کو پولیس سے چھڑوانے کی کوشش کی اور فائرنگ کے دوران طیفی بٹ مارا گیا، مجموعی طور دو افراد نے فائرنگ کی جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم طیفی بٹ کی لاش کو قبضے میں لے کر کیس کی تفتیش شروع کردی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ امیر بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو انٹرپول کی مدد سے دبئی سے گرفتار کیا گیا، ملزم واردات کے بعد بیرون ملک فرار ہوگیا تھا، امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں مطلوب ملزم طیفی بٹ کو اشتہاری ملزم قرار دیا گیا تھا.

مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے گزشتہ سال وزارت داخلہ سے رابطہ کیا، وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد طیفی بٹ کے ریڈ وارنٹ حاصل کیے گئے اور ملزم کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ کیا گیا جس کے بعد پنجاب پولیس کی ٹیم نے ملزم کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button