
پورٹ ڈگلس (اے ون نیوز) شمالی مشرقی آسٹریلیا کے ایک لگژری ہوٹل کے سوئمنگ پول میں اس ہفتے ایک مگرمچھ گھس آیا، تاہم یہ منظر دیکھ کر بھی قریبی مہمان بدستور دھوپ سینکتے رہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں شیریٹن گرانڈ میراج ریزورٹ کے پول کے اندر ایک کم عمر مگرمچھ کو پانی کے نیچے آرام سے لیٹے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو بنانے والی صارف لیزا کیلر نے کہا،”میں کسی کو گھبرانا نہیں چاہتی، لیکن شیریٹن کے پول میں ایک مگرمچھ ہے۔”
ویڈیو میں چند سیاح پول کے کنارے لیٹے آرام کر رہے تھے مگر کوئی بھی پانی میں جانے کی جرات نہ کر سکا۔
کیلر نے طنزیہ انداز میں کہا،
"کسی کو ذرا سا بھی فرق نہیں پڑا۔”
ہوٹل مینیجر جوزف امیریو کے مطابق مگرمچھ کو ہفتہ کی صبح دیکھا گیا، جس کے بعد پول کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ بعد ازاں محکمۂ جنگلات کے اہلکاروں نے اسے بحفاظت نکال کر لے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ”مہمانوں اور بچے مگرمچھ کے درمیان کوئی براہِ راست رابطہ نہیں ہوا۔”
ماہرین کے مطابق شمالی آسٹریلیا میں ایک لاکھ سے زائد نمکین پانی اور نسبتاً کم خطرناک میٹھے پانی کے مگرمچھ پائے جاتے ہیں۔