اسلام آباد ( اے ون نیوز ) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا ) نے پٹرولیم ڈویژن کے مشورے سے گیس کے نرخوں میں 113 فیصد تک اضافہ کر دیا۔
اوگرا کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو صارفین سمیت مختلف شعبوں کے لئے گیس 16 سے 113 فیصد مہنگی کردی گئی ہے جبکہ گھریلو صارفین کو 12 مختلف پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ کیٹگریز میں تقسیم کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین سے 50 اور نان پروٹیکٹڈ صارفین سے 500 روپے ماہانہ وصول کیے جائیں گے جبکہ 25 کیوبک میٹر ماہانہ گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو استثنیٰ دیا گیا ہے ، پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کی دوکیٹگریز کا گیس ٹیرف 16 اور 33 فیصد کم کردیا گیا ہے جبکہ دیگر گھریلو صارفین کے ٹیرف میں 25 تا 113 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
کمرشل صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 28.6 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد گیس کی نئی قیمت 1650 روپے ہو گئی ہے جبکہ پاور سیکٹر کے لیے بھی گیس کی قیمت 22.8 فیصد اضافے کے ساتھ 1050 روپے کر دی گئی ہے۔
صنعتوں کے لیے 34 ، سی این جی شعبے کے لیے 31، فرٹیلائزر کے لیے 46 اور سیمنٹ سیکٹر کے لیے گیس 17.46 فیصد مہنگی کر دی گئی ہے۔
گیس کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری سے 30 جون 2023 تک کیا گیا ہے۔