
لزبن(اے ون نیوز)سپین اور پرتگال میں آنےوالے شدید طوفان لیونارڈو نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ، جہاں تیز ہواوں اور موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی شہر زیرِ آب آ گئے، شاہراہیں بند ، ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
اے ون ٹی وی کے مطابق پرتگال کے جنوب مشرقی علاقے میں 60 سالہ شخص تیز بہاومیں بہہ کر جاں بحق ہوگیا۔ قومی سول پروٹیکشن اتھارٹی کے مطابق ایک گاڑی سیلابی پانی میں پھنسی ملی جس میں ایک ہی شخص سوار تھا جو جانبر نہ ہو سکا۔
اسپین کے صوبے مالاگا کے پہاڑی قصبے گاو¿سین میں شدید بارشوں کے باعث زمین کے نیچے پانی کی حرکت سے تین زلزلے بھی ریکارڈ کیے گئے۔ قصبے کے میئر پیڈرو گوڈینو کے مطابق یہ زلزلے زیرِ زمین پانی کے دباو¿ کے باعث پیدا ہوئے، جسے ماہرین نے "ہائیڈرو سیزمک ایونٹ” قرار دیا ہے۔
شدید بارشوں اور 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہواو¿ں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے جبکہ اندلس میں ہزاروں افراد کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ایک عمارت گرنے سے ایک شخص زخمی بھی ہوا۔
دارالحکومت میڈرڈ میں صورتحال بدترین رہی، جہاں ایم 14 موٹر وے اور ایئرپورٹ کے قریب میٹرو اسٹیشن بند کر دیے گئے۔ کئی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور فائر بریگیڈ کو پانی نکالنے کے لیے تعینات کیا گیا۔
سیویل کے تاریخی گیرالڈا ٹاور کو بھی نقصان پہنچا جبکہ کادیس، سیٹوبل اور الکاسر دو سال جیسے سیاحتی علاقوں میں گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوگیا۔ کئی شہریوں کو کشتیوں کے ذریعے نکالا گیا۔
اندلس میں تمام سکول بند کر دیے گئے جبکہ سیکڑوں فوجیوں کو امدادی کارروائیوں کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق بعض علاقوں میں 40 سینٹی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، جو ایک سال کی اوسط بارش کے برابر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طوفان موسمیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والے انتہائی موسم کی ایک اور مثال ہے، جس سے آئندہ دنوں میں مزید خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق طوفان جمعہ تک کمزور پڑنے کی توقع ہے، تاہم ہفتے کے روز ایک نیا طوفان آنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔




