
لاہور(رپورٹنگ ٹیم،بشیر احمد،انورعلی کھرل،جاوید ہاشمی)لاہور میں بسنت شروع ہو گئی،چھتوں پر میوزک اور لائٹوں کی روشنی میں پتنگ بازی جاری، بو کاٹا کی آواز کئی دہائیوں کے بعد سنائی دی۔
اے ون ٹی وی کی رپورٹنگ ٹیم کے مطابق زندہ دلان لاہور نے پرجوش انداز میں بسنت کو دوبارہ خوش آمدید کہا ہے ،نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال رہے ہیں آسمان رنگی برنگی پتنگوں سے سج گیا ہے،صوبائی حکومت نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں،موٹو سائیکلوں پر سیفٹی راڈ لازمی قرار دیا گیا ہے،جبکہ فائرنگ پر سخت پابندی ہے۔
شہریوں نے بسنت کے موقع پر چٹ پٹے کھانوں اور باربی کیو کا خصوصی بندوبست کیا ہو ا ہے،پاکستان بھر سے بسنت کے شائقین لاہور پہنچ رہے ہیں،ایک اندازے کے مطابق پانچ لاکھ گاڑیاں بسنت کے تین دنوں میں لاہور میں داخل ہوں گی،ٹریفک پولیس نے رش سے بچنے کےلئے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں۔
حکومت کی جانب سے شہر بھر میں مختلف روٹس پر خصوصی بس سروس چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی 199 بسیں روٹس پر تعینات ہوں گی، آر ٹی اے کی 131 اضافی بسیں بھی آپریشن میں شامل ہوں گی۔
بسیں مختلف ڈپو سے شفٹ وائز چلائی جائیں گی، جناح ٹرمینل، ریلوے سٹیشن اور گرین ٹاؤن کو مرکزی ڈپو قرار دیا گیا ہے، سب سے لمبا روٹ جناح ٹرمینل سے بی آر بی تک 36 کلومیٹر ہے۔
پورا شہر بسنت کے موقع پر خصوصی ٹرانسپورٹ سے کور ہوگا، شہریوں کو آسان اور سستی سفری سہولت فراہم کرنے کا پلان کیا گیا ہے، بس سروس روٹ وائز تقسیم، اہم شاہراہوں پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔





