کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں برفانی طوفان کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی پرواز پی کے 798 لگ بھگ 36 گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے لاہور کیلئے روانہ ہوگئی۔
پرواز پی کے 798 نے ہفتہ کی رات پونے 9 بجے ٹورنٹو سے لاہور پہنچنا تھا جو ٹورنٹو کے آس پاس شدید برفباری کی وجہ سے غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوئی اور مقامی وقت کے مطابق دوپہر 11:24 بجے لاہور کے لیے روانہ ہوئی۔
پرواز ممکنہ طور پر پیر کی صبح 10 بج کر 52 منٹ لاہور پہنچے گی، طیارہ مسافروں کے ساتھ 6 گھنٹے تک ائیر پورٹ پر روانگی کا منتظر رہا۔
ذرائع کے مطابق ائیر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے ائیرفیلڈ بند ہونے کی ہدایت پر مسافروں کو طیارے سے اتار دیا گیا۔
بھاری مالیت کی کیٹرنگ سروس، طیارے کی پارکنگ کے چارجز اور مسافروں کے ہوٹل کی مد میں ائیرلائن کو بھاری اخراجات کا سامنا رہا۔
ذرائع کے مطابق ٹورنٹو کے اطراف برفانی طوفان کی پیشگوئی کے باعث پرواز کو منسوخ کیا جانا ضروری تھا مگر ایسا نہیں کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ برفانی طوفان کی پیشگی اطلاع نہ ہونے پر طیارہ پرواز کیلئے ائیرپورٹ پر کھڑا رہا اور عملے کو قوانین کے تحت مقررہ ڈیوٹی ٹائم سے زائد اوقات کے لیے ڈیوٹی کا نہیں کہا گیا