لاہور ( اے ون نیوز ) لاہور میں طوفانی بارش کے باعث قومی ایئر لائن ( پی آئی اے ) کا طیارہ بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوگیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے ) کے ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 248 سعودی شہر دمام سے لاہور آرہی تھی کہ طوفانی بارش کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ نہ کرسکی۔
سی اے اے ذرائع کا کہنا تھا کہ پرواز کا رخ لاہور ایئرپورٹ سے ملتان کے لئے موڑتے وقت طوفانی بارش کے سبب کپتان نے جہاز بھارتی فضائی حدود میں داخل کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کپتان نے بھارتی فضائی حدود میں داخلے سے متعلق بھارتی ایوی ایشن حکام کو آگاہ کیا اور انہوں نے پرواز کو رخ موڑنے کے لیے بھارتی حدود کے استعمال کی اجازت دی جس کے بعد کپتان کو ملتان ایئرپورٹ کی جانب رخ موڑنے کے لیے بھارتی شہر فیروزپور تک بھارتی فضائی حدود میں جانا پڑا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بعد ازاں پرواز بحفاظت ملتان ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔