نیو یارک(اے ون نیوز)سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئٹر نے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو رکھنے والے صارفین کے لیے نئی سہولت متعارف کروادی ہے۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے اپنی ایک ٹوئٹ میں نئی سہولت کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر بلیو ویریفائیڈ سبسکرائبر اب 2 گھنٹے (8 جی بی) تک کی ویڈیو اپلوڈ کرسکتے ہیں۔
خیال رہےکہ اس سے قبل ٹوئٹر بلیو سبسکرائبر ایک گھنٹےکی ویڈیو اپلوڈکرسکتے تھے اور ویڈیو کا سائز 2 جی بی تھا جو اب 8 جی بی تک کردیا گیا ہے۔
خیال رہےکہ ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس کو رواں سال مارچ میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے تحت کوئی بھی شخص پیسوں کے عوض ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹک حاصل کرسکتا ہے۔
ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن سروس کا حصہ بننے پر صارف کوبلیو چیک مارک، طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے، نئے فیچرز تک سب سے پہلے رسائی، ٹوئٹ کو ایڈٹ کرنے اور این ایف ٹی پروفائل پکچرز اپ لوڈ کرنے کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔