اسلام آباد (اے ون نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب میں 30 اپریل بروز اتوار کو الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔
اے ون ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدر کو بھجوائے گئے مراسلے میں 30 اپریل سے 7 مئی تک تاریخوں کی تجویز دی تھی جن پر غور کے بعد صدر نے 30 اپریل کی منظوری دی۔صدر کو مراسلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر راجہ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے بعد بھجوایا گیا تھا، مراسلے میں صدر مملکت کو آگاہ کیا گیا تھا کہ ان کی طرف سے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کے انتخاب کے بعد الیکشن کمیشن اپنے آئینی و قانونی فرائض انجام دینے کیلئے تیار ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات میں تاخیر سے متعلق ازخود نوٹس کافیصلہ سناتے ہوئے دونوں صوبوں میں 90 روز میں الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔