ابھی کچھ دنوں قبل ہی آئی سی سی ورلڈکپ میں آسٹریلوی بیٹر گلین میکسویل نے افغانستان کے خلاف ناقابل یقین ڈبل سنچری اسکور کرکے تنہا ہی ٹیم کو ہارا ہوا میچ جتوایا تھا، اس میچ کو کچھ ہی دن گزرے تو آسٹریلوی کلب کرکٹر نے اپنی بولنگ سے ٹیم کو بظاہر ہارے ہوئے میچ میں حیرت انگیز کامیابی دلوا دی۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 11 نومبر کو آسٹریلیا کی کلب کرکٹ میں گولڈ کوسٹ کے پریمیئر لیگ ڈویژن تھری کے 40 اوورز کے میچ میں سرفرز پیراڈائز کلب اور مدگیرابا کلب کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔
179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سرفرز پیراڈائز کلب کی ٹیم کو جیت کیلئے آخری اوور میں صرف 5 رنز درکار تھے جبکہ ان کی ابھی 6 وکٹیں باقی تھیں۔
مخالف ٹیم کے خلاف 5 رنز بچانے کے لیے مدگیرابا ٹیم کے کپتان گیرتھ مورگن نے خود اوور کروانے کا فیصلہ کیا اور پھر کچھ ایسا ہوا جو آج سے پہلے کرکٹ کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا تھا۔
مدگیرابا کے کپتان گیرتھ مورگن نے حیران کن طور پر 6 گیندوں پر 6 وکٹیں حاصل کر کے بظاہر ہار ی ہوئی بازی ہی پلٹ دی اور شائقین کرکٹ کو حیران کرکے رکھ دیا۔
گیرتھ مورگن کا پہلا شکار سرفرز پیراڈائز کے اوپنر جیک گارلینڈ بنے جو 65 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے جبکہ اگلے دو بیٹرز بھی کیچ آؤٹ ہوئے اور مورگن نے ہیٹ ٹرک مکمل کی لیکن وہ صرف یہاں نہ رکے بلکہ اگلی تین گیندوں پر مزید 3 وکٹیں لیں اور سرفرز پیراڈائز کی پوری ٹیم 174 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
6 گیندوں پر 6 بیٹرز کو آؤٹ کرنے کے بعد مدگیرابا کے کھلاڑی جیت حاصل کرنے پر کافی خوش ہوئے اور اسے ناقابل یقین کارنامہ قرار دیا۔
واضح رہے کہ پروفیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں بولر کی جانب سے سب سے زیادہ 5 وکٹیں لی گئی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر نے 2011 میں ویلنگٹن کے خلاف ایک اوور میں 5 وکٹیں لی تھیں۔
اس کے علاوہ 2013 میں بنگلا دیش کے کلب کرکٹر الامین حسین اور 2019 میں بھارت کے کلب کرکٹر ابھیمنیو متھن بھی ایک اوور میں 5، 5 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔