رینالہ خورد یونیورسٹی آف اوکاڑہ کی ضلع جہلم کے پہاڑوں میں جاری کھدائی مہم کے دوران لاکھوں سال پرانے ہاتھیوں کی تین اقسام کے فوسلز دریافت ہوئے ہیں۔
اس مہم میں یونیورسٹی کے طلباء شعبہ زولوجی کے سربراہ اور پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد کی قیادت میں حصہ لے رہے ہیں، اہم دریافت کے بعد پروفیسر واجد کا کہنا تھا کہ اس تاریخی دریافت سے طلبہ کو تحقیق کرنے اور اپنے مقالہ جات کی تکمیل میں مدد ملے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ اس دریافت سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں تحقیق کی ایک نئی جہد کا تعین ہو گا۔ پروفیسر واجد نے دیگر جامعات کے ساتھ مل کر دریافت ہونے والے فوسلز سے میوزیم بنانے کا بھی عندیہ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ان فوسلز کی مدد سے ہمیں مختلف جانوروں کی تاریخ، ارتقائی عمل اور ان کے آپس میں رشتوں کو گہرائی سے سمجھنے میں مدد ملے گی۔