
لندن(اے ون نیوز)پاکستانی کرکٹر حیدر علی انگلینڈ میں پاکستان شاہینز کے حالیہ دورے کے دوران تنازع کا شکار ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، گریٹر مانچسٹر پولیس ان کے خلاف مجرمانہ نوعیت کی تحقیقات کر رہی ہے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حیدر علی پر ایک خاتون کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی، جس کے بعد انہیں مانچسٹر پولیس نے تین دن حراست میں رکھا اور بعد ازاں ضمانت پر رہا کر دیا۔
کرکٹر کا پاسپورٹ پولیس کی تحویل میں ہے اور انہیں مزید تفتیش کے لیے دو ہفتے بعد دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ حیدر علی کو قانونی معاونت فراہم کی گئی ہے تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ پاکستانی نژاد بیرسٹر معین علی کو ان کے دفاع کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق، حیدر علی پر عارضی معطلی فوری طور پر لاگو کر دی گئی ہے، اور وہ اب کسی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ بورڈ کا مؤقف ہے کہ قانونی عمل مکمل ہونے کے بعد ضابطہ اخلاق کے تحت مزید کارروائی پر غور کیا جائے گا۔
یہ صورتحال نوجوان بیٹر کے لیے ایک سنگین موڑ ہے، جو پہلے ہی پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹس میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔