
ٹرینیڈاڈ(اے ون نیوز) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر 1-0 کی برتری حاصل کر لی، جبکہ سابق کپتان بابر اعظم نے ایک اور بڑا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
بابر اعظم نے 47 رنز کی اننگز کھیل کر 129 ون ڈے اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ وہ اب تک 132 میچز میں 55.10 کی اوسط سے 6,282 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 19 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے پاس تھا، جنہوں نے اتنی ہی اننگز میں 6,224 رنز بنائے تھے۔
میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 280 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں، نسیم شاہ نے 3 اور صائم ایوب، سفیان مقیم اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستان نے ہدف 49ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ ڈیبیو کرنے والے حسن نواز نے 63 رنز اسکور کیے جبکہ حسین طلعت 41 رنز کے ساتھ ناٹ آو¿ٹ رہے۔