
کراچی(اے ون نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لاہور کیلئے "شہباز اسپیڈ” اور کراچی کیلئے سست روی برداشت نہیں کی جا سکتی، وزیراعظم سے مطالبہ کریں گے کہ کے فور منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے۔
کراچی میں نئی حب کینال منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ لیاری کو پانی پہنچانے کے لیے پی سی ون منظور ہو چکا ہے اور حب ڈیم سے نئی کینال کے ذریعے شہر کو پانی فراہم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جیالوں نے نفرت، تقسیم اور دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آمروں کے خلاف قربانیاں دیں۔ کراچی کے عوام نے ہمیشہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کیا ہے۔
بھارت پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نیتن یاہو کی طرح سازش کر کے پاکستان کا پانی روکنا چاہتا ہے، مگر کراچی والے سندھو کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور سفارتی و عسکری محاذ پر بھارت کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ہر میدان میں شکست کھا رہا ہے اور غیر قانونی طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کر چکا ہے، اگر بھارت نے معاہدے پر عمل نہ کیا تو کراچی والے 6 کے 6 دریا واپس لے کر عوام تک پانی پہنچائیں گے۔